پورٹ لینڈ، 31/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) امریکہ کے مغربی ساحل پر جمعرات کو زلزلے کا شدید جھٹکا محسوس کیا گیا، جس نے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، امریکی جیولوجیکل سروے نے اطلاع دی ہے کہ 6.0 شدت کا زلزلہ بحر الکاہل کی ایک فالٹ لائن پر آیا، جو اوریگن ریاست کے بینڈن شہر سے 279 کلومیٹر دور واقع ہے۔ زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ اے پی کی رپورٹ کے مطابق، 75 سے زیادہ افراد نے زلزلے کی ہلکی کمپن محسوس کرنے کی اطلاع دی ہے۔ خوش قسمتی سے، اس زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔
واشنگٹن ریاست کے ہنگامی انتظام کے افسران نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے لکھا ہے کہ کسکیڈیا سبڈکشن زون کے پاس 6.0 شدت کا زلزلہ آنا خوفناک ہو سکتا ہے لیکن بدھ کو آیا زلزلہ بلینکو فریکچر زون مٰں تھا، جہاں زلزلہ آنا عام سی بات ہے۔ کیسکیڈیا سبڈکشن زون ساحل سے کچھ ہی دور 600 میل لمبا (965 کلومیٹر) فالٹ ہے، جو شمالی کیلیفورنیا سے برٹش کولمبیا تک پھیلا ہوا ہے۔ اس علاقے میں 300 سے زیادہ برسوں سے ٹکٹونک تناؤ جمع ہو رہا ہے اور زلزلہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ کبھی بھی ٹوٹ سکتا ہے جس سے بہت بڑا زلزلہ اور سنامی آ سکتی ہے۔
دوسری طرف چین کے شیزانگ میں بھی زلزلہ آنے کی خبر ہے۔ اے این آئی نے نیشنل سینٹر فار سسمولاجی (این سی ایس) کے حوالے سے بتایا کہ جمعرات کی صبح چین کے شیزانگ میں ریختر پیمانے پر 4.5 شدت کے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ این سی ایس کے مطابق یہ زلزلہ صبح 7.02 (IST) بجے آیا۔